برلن،28جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جرمنی میں ستمبر کے پارلیمانی الیکشن سے قبل چانسلر انگیلا میرکل کے قدامت پسند اتحاد کی مقبولیت اضافے کے ساتھ چالیس فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ستمبر سن دو ہزار پندرہ کے بعد میرکل کی مقبولیت کی یہ سطح بلند ترین قرار دی جا رہی ہے۔ جرمنی میں کرائے گئے عوامی جائزوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ چانسلر انگیلا میرکل کے قدامت پسند حکمران اتحاد کی مقبولیت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔اس جائزے کے مطابق 40فیصد جرمن باشندوں نے انگیلا میرکل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ میرکل آئندہ انتخابات میں چوتھی مرتبہ چانسلر شپ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ستمبر کے پارلیمانی الیکشن سے قبل میرکل کے سیاسی اتحاد کی مقبولیت میں اضافے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ جرمن جریدے شٹیرن اور نشریاتی ادارے کی طرف سے فورسا انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے کرائے گئے سروے کے نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ میرکل ایک مرتبہ پھر کامیاب ہو سکتی ہیں۔
دوسری طرف میرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو)کی حریف سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) کی مقبولیت بدستور 23فیصد ہے۔ اس کے علاوہ گرین پارٹی ایک فیصد اضافے کے ساتھ نو اور انتہائی دائیں بازو کی مہاجرین مخالف جماعت اے ایف ڈی سات فیصد پر ہے۔انگیلا میرکل نے ستمبر دو ہزار پندرہ میں مہاجرین کے لیے جرمنی کے دروازے کھول دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ان کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ نوٹ کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں ان کی عوامی پسندیدگی کا گراف کچھ نیچے گر گیا تھا۔ تاہم اب ایک مرتبہ پھر میرکل کی عوامی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔انگیلا میرکل ہیلموٹ کوہل کے بعد پہلی مرتبہ کرسچن ڈیموکریٹک یونین کی نگران سربراہ بنی تھیں۔ اب انہیں اس سیاسی پارٹی کی قیادت کوتقریبا گیارہ برس ہو چکے ہیں۔ انہوں نے سن دو ہزار پانچ میں جرمن چانسلر کا عہدہ سنبھالا تھا۔
فورسا کے مطابق اس جائزے کے نتائج بتاتے ہیں کہ اگر چانسلر کے لیے عوام براہ راست ووٹ دیں تو باون فیصد افراد میرکل کے چوتھی مرتبہ بھی چانسلر بننے کے حق میں ہیں۔ دوسری طرف اسی صورت میں بائیس فیصد عوام ایس پی ڈی کے رہنما مارٹن شلس کو چانسلر دیکھنا چاہتے ہیں۔ تاہم جرمنی میں الیکشن کے پیچیدہ نظام کے تحت عوام چانسلر کو براہ راست منتخب نہیں کرتے ہیں بلکہ وہ پارٹی اور ان کے امیدواروں کو منتخب کرتے ہیں۔اس سروے کے مطابق صرف نو فیصد اہل ووٹرز کو یقین ہے کہ ایس پی ڈی جرمنی کو درپیش مسائل کو حل کر سکتی ہے جبکہ چالیس فیصد اہل ووٹرز کے مطابق میرکل کا قدامت پسند اتحاد جرمنی کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کر سکتا ہے۔